Last Updated:

یومِ آزادی گلگت بلتستان: کھرمنگ کا 79 واں شاندار جشن

یومِ آزادی گلگت بلتستان: ضلع کھرمنگ میں شاندار تقریبات، شہید غلام مہدی کو خراجِ عقیدت

نیوز رپورٹ
یومِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر ضلع کھرمنگ میں بھی یکم نومبر کو قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب بوائز ہائی اسکول مہدی آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری محکموں کے سربراہان، علمائے کرام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر کھرمنگ، اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ اور مختلف محکموں کے سربراہان سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ شرکاء نے یومِ آزادی گلگت بلتستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس تاریخی دن کو قومی یکجہتی، قربانیوں اور آزادی کی جدوجہد کی یاد تازہ کرنے کا موقع قرار دیا۔

مرکزی تقریب سے قبل ڈپٹی کمشنر کھرمنگ اور اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ نے شہید غلام مہدی کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر شہید غلام مہدی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام شہداء کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ضلع کھرمنگ میں منعقدہ یہ تقریبات اس عزم کی تجدید کا اظہار تھیں کہ گلگت بلتستان کی تاریخی شناخت، آزادی کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔