Last Updated:

گلگت اغوا کیس: جوٹیال پولیس کی فوری کارروائی، ملزم گرفتار

گلگت: جوٹیال پولیس کی فوری کارروائی، کم عمر لڑکے کے مبینہ اغوا کا ملزم گرفتار

گلگت: تھانہ جوٹیال پولیس نے سونیکوٹ سے ایک کم عمر لڑکے کے مبینہ اغوا کے واقعے میں فوری کارروائ کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر بچے کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر نگرل منتقل کیا تھا۔

درج شدہ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ گزشتہ روز شام تقریباً 7 بجے سونیکوٹ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار ملزم نے مبینہ طور پر بچے کو اسلحے کے زور پر اپنے ساتھ لے جانے پر مجبور کیا۔

اطلاعات کے مطابق ملزم بچے کو نگرل میں واقع ایک گھر لے گیا، جہاں اسے مبینہ طور پر ایک کمرے میں بٹھایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچے نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واش روم جانے کا بہانہ بنایا اور موقع ملتے ہی وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

واقعے کے بعد بچے کے اہلِ خانہ نے تھانہ جوٹیال میں مقدمہ درج کروایا۔ پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔

واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تاحال پولیس کی جانب سے مقدمے کی مزید تفصیلات یا تفتیشی پیش رفت کے بارے میں اضافی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

شہری حلقوں نے جوٹیال پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے بچوں کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نوٹ: ملزم پرعائد الزامات کی حتمی حیثیت عدالتی کارروائی سے طے ہوگی۔