
گنگچھے میں پیپلز پارٹی کو یونین کونسل سطح تک فعال بنانے کا فیصلہ
گنگچھے میں پیپلز پارٹی کو فعال بنانے کا فیصلہ، تنظیمی ڈھانچے کو یونین کونسل کی سطح تک مضبوط کیا جائے گا، انجینئر اسماعیل
خپلو (عرفان شاہ)
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری انجینئر اسماعیل نے ضلع گنگچھے سے پارٹی تنظیمی اجلاسوں کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں صدر مقام خپلو میں پیپلز سیکریٹریٹ میں پارٹی کارکنوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں غواڑی، کریس سے لے کر سیاچن تک کے پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر اسماعیل نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ضلع گنگچھے کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل نہیں کر سکی، تاہم ضلع میں پیپلز پارٹی کے تقریباً 25 ہزار ووٹرز موجود ہیں اور ان کی عزت و احترام کو یقینی بنانا پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ گنگچھے میں سرکاری سطح پر ہونے والے ترقیاتی کاموں اور تقریبات میں پارٹی کارکنوں کی شرکت یقینی بنائی جائے اور انہیں عزت و احترام دیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی صدر مقام خپلو میں پارٹی کو مزید فعال بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
انجینئر اسماعیل کے مطابق خپلو صدر مقام ھے وھاں تنظمی ڈھانچہ کو مضبوط کرنے کیلے سخاوت علی، معراج علی، ذاکر حسین، انصاف رسول اور شفاعت علی کو پارٹی کو فعال بنانے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع، سب ڈویژن اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ پارٹی کی ممبرشپ بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت کے لیے باقاعدہ تنظیمی طریقہ کار اپنانا ہوگا اور ضلع، ڈویژن یا یونین کونسل کی سطح پر پارٹی میں شامل ہونے کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ کسی کو بھی پیراشوٹ کے ذریعے پارٹی میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ اس طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اعلانات کو عملی شکل دینے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ہر وارڈ سے امیدوار میدان میں اتارے گی اور کارکن گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں گے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ایک دوسرے پر الزام تراشی سے گریز کرنے اور باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔





