Last Updated:

شگر چراگاہ تنازعہ: بڑا اقدام، 70 افراد پابندِ ضمانت

شگر چراگاہ تنازعہ: امن کے لیے پولیس کا بڑا اقدام، 70 افراد پابندِ ضمانت

شگر: شگر چراگاہ تنازعہ کے باعث برالدو کے دیہات مینجنگ اور کورفے کے درمیان ممکنہ کشیدگی کے خدشے کے پیشِ نظر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔

گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی پی او شگر سید دلدار حسین کی ہدایات پر علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں دونوں فریقین کے مجموعی طور پر 70 افراد کو دفعہ 107/151 ضابطۂ فوجداری کے تحت آئندہ دو سال تک امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پابندِ ضمانت کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق پابندِ ضمانت کیے گئے افراد میں کورفے کے 45 جبکہ مینجنگ کے 25 افراد شامل ہیں۔

ڈی پی او شگر سید دلدار حسین نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس نے دونوں فریقین سے امن برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے قانون کی پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔